ہماری کہانی
ہم نے نوکری کے ساتھ ساتھ پہلی بار اپنا گھر بنایا۔ عام طریقہ یہ تھا کہ ٹھیکیدار کے حوالے کر دیا جائے۔ مگر ٹھیکیدار ہمیں روز کی خبر نہیں دیتا تھا، اور معیار کوئی چیک نہیں کر رہا تھا۔ اس لیے ہم نے خود بنایا۔
اس سے ہمیں پتا چلا کہ زمین خریدنے سے گھر میں رہنے تک کتنا کچھ ہوتا ہے: کاغذات، میٹیریل، چھپا ہوا کام، سینکڑوں چھوٹے چھوٹے فیصلے۔ خریدار کو اس میں سے زیادہ تر نظر ہی نہیں آتا، بس بھروسہ کرنا پڑتا ہے۔
سیف ہینڈ بلڈرز اسی کا حل ہے۔ ہم گھر بناتے ہیں، اور فیملی کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، تاکہ وہ بھروسہ بھی کریں اور خود دیکھ کر تصدیق بھی کر سکیں۔
ہم کیوں ہیں
تاکہ فیملی گھر خریدے تو دیکھ سکے کہ گھر کیسے بنا، کچی زمین سے چابیوں تک، جیسے وہ پہلے دن سے ساتھ ہو۔ اور میٹیریل اور تعمیر پر بھروسہ کر سکے، کیونکہ ہر مرحلے کے پیچھے تجربہ کار لوگ ہیں: ہمارا آرکیٹیکٹ، سائٹ انجینئر اور ٹھیکیدار۔
ہم ہر فیملی کو وہ گھر دینا چاہتے ہیں جس کا اس نے خواب دیکھا۔
ہمارا وعدہ
کام میں ایمانداری
ہر مرحلے پر شفافیت
بنانے میں مہارت
ہمارے اصول
ایمانداری
ہم بتاتے ہیں کہ ہم نے کیا کام کیا، کیا میٹیریل لگایا اور کہاں غلطی ہوئی۔
شفافیت
ہر مرحلے کی تاریخ اور تصویر، خاص طور پر اس کام کی جو چھپ جاتا ہے۔
مہارت
ہر گھر تجربہ کار لوگ پلان کرتے اور بناتے ہیں، اور ہم سائٹ پر ان کا کام چیک کرتے ہیں۔
صاف کاغذات
منظوری کی جانچ، مکمل ٹرانسفر، اور ہر بل ادا شدہ۔
سیدھا معاملہ
مکمل گھر کی قیمت ہم شروع میں بتاتے ہیں، اور جو بات طے ہو، وہ لکھ کر ہو۔
فیملی کی زندگی کے لیے
کمرے اس طرح پلان کیے جاتے ہیں جیسے ایک فیملی اصل میں رہتی ہے۔
ہم کیا نہیں کرتے
کوئی بھی کام جو ان اصولوں کے خلاف ہو۔ یعنی: غیر منظور شدہ سکیم میں گھر نہیں، گھر کی جگہ فائلیں بیچنا نہیں، کوئی خرابی چھپانا نہیں، بغیر لکھے وعدے نہیں، ڈرائنگ کو اصل گھر بنا کر دکھانا نہیں، اور چھپے کام میں ڈنڈی نہیں مارتے۔
ہم کہاں جا رہے ہیں
ابھی ایک وقت میں ایک گھر: الکبیر ٹاؤن اور آس پاس 3 سے 5 مرلے کے فیملی گھر۔ جو ڈیزائن اچھا ثابت ہو، اسے ملتے جلتے پلاٹ پر دوبارہ بناتے ہیں۔